خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد،راولپنڈی، گوجرانوالہ اورکشمیرمیں بارش کاامکان

اسلام آباد :(اے پی پی)اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ تین روز کے دوران موسم شدید گرم اورمرطوب رہنے اور وسطی جنوبی پنجاب،میدانی سندھ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا اور میدانی سندھ میں موسم شدید گرم رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں51 ڈگری سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد راولپنڈی سمیت گوجرانوالہ ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر گردآلود ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش، وسطی اور جنوبی میدانی علاقوں ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ڈی آئی خان،سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد،کوہاٹ، پشاور ڈویژن میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔