خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد، پولیس،رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کا مشترکہ سرچ آپریشن‘ تین افغانیوں سمیت 54 مشتبہ افراد گرفتار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت مختلف علاقوں میں پولیس ‘ رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کا مشترکہ سرچ آپریشن‘ تین افغانیوں سمیت 54 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا‘ افغان باشندے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے گئے۔ پولیس کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب تھانہ بھارہ کہو کے علاقے مدینہ ٹاؤن ‘ میرا بھگوال ‘ اٹھال اور پی ٹی وی کالونی میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ سرچ آپریشن میں پولیس‘ رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کے اہلکاروں نے حصہ لیا۔ تین افغانیوں سمیت 54افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ مشتبہ افراد کو تھانہ بھارہ کہو منتقل کرکے ان سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ افغان باشندوں کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سرچ آپریشن نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیا گیا ہے اور یہ آپریشنز گزشتہ ایک برس سے اسلام آباد کے مختلف تھانوں کی حدود میں کئے جارہے ہیں۔ (ن غ/آ چ)