خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خو شگوار

اسلام آباد /لاہور (ملت + آئی این پی) اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خو شگوار ہوگیا۔ درجہ حرارت میں کمی نے خوشگوار خنکی پیدا کر دی۔اسلام آباد ، لاہور ، شیخوپورہ ، قصور ، مریدکے میں بارش کی بوندوں نے موسم کو سہانا کر دیا۔ رات بھر صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بادلوں سے بوندیں ٹپکتی رہیں۔ محکمہ موسمیات نے بدھ سے ہفتے کے دوران خیبرپختونخوا ، فاٹا ، اسلام آباد اور بالائی پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ بھکر اور خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی بارش سے سردی کی شدت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیا ت نے منگل سے اتوار تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات سے ہفتے تک خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے جب کہ منگل اور بدھ کو کوئٹہ، ژوب، قلات، ڈی جی خان، ملتان اورساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔