خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے موسم مزید سرد ہوگیا

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں باران رحمت سے موسم مزید سرد ہو گیا، پہاڑوں پر برفباری سے وادیاں خوبصورت منظر پیش کرنے لگیں ، شوگراں اور مالم جبہ میں سیاحوں نے خوب ہلا گلہ کیا، ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ، پہاڑوں پر برفباری کے بعد سیاحوں نے خوبصورت وادیوں میں ڈیرے جمالئے۔ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے خنکی مزید بڑھ گئی۔ پہاڑوں پر برفباری کے بعد دلفریب نظارے ہوگئے ۔ وادی شوگراں میں برفباری سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی ، سوات کے علاقے مالم جبہ میں بھی سیاح آسمان سے گرتے روئی کے گالوں سے لطف اندوز ہوئے اور خوب ہلہ گلہ کیا۔ خواتین نے بھی موسم کو خوب انجوائے کیا ، منچلوں سے سیلفیاں بھی بنوائیں ، گلگت بلتستان کے علاقے شگر میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے سیاحوں کی بڑی تعداد وادی کا رخ کر رہی ہے۔ لواری ٹاپ ٹریفک کیلئے بند رہا جس کی وجہ سے تفریح کیلئے آنیوالوں کو مشکلات درپیش رہیں ۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری جاری رہے گی۔