خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد سے اغوا ہونیوالے سابق افغان گورنر فضل اللہ واحدی مردان سے بازیاب

اسلام آباد /مردان (آئی این پی )اسلام آباد سے اغوا ہونے والے سابق افغان گورنر فضل اللہ واحدی کومردان سے بازیاب کرالیاگیا ۔افغانستان کے صوبوں کنڑ اور ہرات کے سابق گورنر کو جمعہ کو افغان سفارتخانے کے حکام کے حوالے کیا گیا ۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق افغان گورنر فضل اللہ واحدی کو مردان سے بازیاب کرایا گیا اور انھیں پشاور میں افغان حکام کے حوالے کردیا گیا تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ان کی رہائی کس طرح عمل میں آئی۔افغانستان کے سیاسی منظر نامہ میں فضل اللہ واحدی کو بااثر اور اہم شخصیت تصور کیا جاتا ہے۔ فضل اللہ واحدی کو دو ہفتے قبل اسلام آباد کے سیکٹر ایف 7 میں واقع رانا مارکیٹ کے قریب سے اس وقت اغوا کر لیا گیا تھا جب وہ رات کو چہل قدمی کر رہے تھے۔ان کے خاندان کے مطابق وہ اپنے چند دیگر رشتے داروں کے ہمراہ برطانوی ویزے کے حصول کے لیے اسلام آباد میں مقیم تھے۔سابق افغان گورنر کے اغوا کا مقدمہ ان کے بھتیجے ذبیح اللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے چچا کو دو گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ان کی رہائی کی کوششوں کے سلسلے میں افغانستان کی پارلیمان کے ایک وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وزیرِ اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔