اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے بھر پور جذبے اور محنت سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت کی پہلی منتخب بلدیہ بہترین کاردگی کی بنیاد رکھ دے۔وہ اسلام آباد کے پہلے منتخب میئر شیخ انصر عزیز سے بات چیت کر رہے تھے جنھوں نے پیر کو ایوان صدرمیں8 اْن سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے اسلام آباد کے پہلے منتخب میئر کو اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد اور توقع ظاہر کی کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ صدر مملکت نے انھیں ہدایت کی کہ وہ منصوبہ بندی کے ساتھ کام کا آغاز کریں اور بلاامتیاز ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے وسائل کی فراہمی پر پوری توجہ دی جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے عوام کی اپنی پہلی منتخب بلدیہ سے بہت زیادہ توقعات ہیں توقع ہے کہ منتخب بلدیہ ان توقعات پر پورا اترے گی۔