خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد:راولپنڈی سمیت کئی شہروں میں بارش

لاہور:(آئی این پی) دن بھر گرمی نے تڑپایا سہ پہر کو کئی شہروں میں آندھی اور بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہوائیں چلیں اور سیاہ بادل چھا گئے جو جم کر برسے ۔ گرمی کا زور ٹوٹنے پر روزہ دار بھی کھل اٹھے۔ راولپنڈی میں 93 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلی۔ مری، جھنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، نارووال، ہنگو، باغ میں بھی بادل برسے۔ کرک میں موسلا دھار بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ لاہور میں سارا دن قہر کی گرمی کے بعد سہ پہر کو ہلکے بادل چھا گئے اور 75 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی گرد آلود ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ کلور کوٹ میں مٹی کا طوفان آیا۔ رمضان بازار کے شامیانے ہوا میں اڑ گئے۔ موسم کی خبر دینے والوں نے اسلام آباد ، پنجاب، خیبر پختونخوا ، بالائی سندھ، شمال مشرقی بلوچستان میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔ بھکر اور نوابشاہ میں پارہ 48 ڈگری ہو گیا۔ تربت میں 47، دادو، بہاولنگر، جیکب آباد میں 46 درجے گرمی پڑی۔