اسلام آباد:(آئی این پی)اسلام آباد ، راولپنڈی میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے بارش کے بعد موسم خنک ہو گیا ہے ، ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ آج مزید بارش کا امکان ہے ۔ راولپنڈی ، اسلام آباد میں ہلکی بارش کا سلسلہ گزشتہ رات وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہا ، جڑواں شہروں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم خنک ہو گیا ہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ آج مالاکنڈ ، ہزارہ ، پشاور ، مردان ، کوہاٹ ، بنوں ، ڈی آئی خان ، ژوب ، گوجرانوالہ ، سرگودھا ڈویژن ، فاٹا ، گلگت بلتستان ، کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ قلات ، سبی ، نصیر آباد ، لاہور ، فیصل آباد ، ساہیوال ، ملتان ڈویژن میں چند مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔