خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد: آکسیجن سپلائی کا ٹینڈربلیک لسٹ کمپنی کوجاری

اسلام آباد (آئی این پی) پولی کلینک اسلام آباد میں آکسیجن سپلائی کا ٹینڈر بلیک لسٹ کمپنی کو جاری کر دیا گیا ۔ مذکورہ کمپنی بی او سی کو دو ہزار ایک میں بلیک لسٹ کیا گیا ۔ کمپنی نے دو ہزار چھ میں سروسز ہسپتال لاہور میں غیر معیاری آکسیجن اور بے ہوش کرنے والی دوا فراہم کی جس سے کئی مریضوں کی حالت غیر ہو گئی تھی ۔ یہ سازش ہے یا پھر کوئی اور معاملہ ، روزنامہ دنیا کے بیک پیج پر شائع ہونے والی ایک خبر میں اس راز سے پردہ اٹھایا گیا ہے کہ جاں بلب مریضوں کو دی جانے والی آکسیجن جیسی حساس گیس کا ٹھیکہ ایک ایسی کمپنی کو دے دیا گیا جسے 2001 میں بلیک لسٹ کیا گیا اور اس کی سیکورٹی بھی ضبط کر لی گئی تھی ۔ اس کے بعد مذکورہ کمپنی نے 2006 میں سروسز ہسپتال لاہور میں غیر معیاری آکسیجن اور بے ہوش کرنے والی دوا فراہم کی تھی جس سے کئی مریضوں کی حالت غیر ہو گئی تھی اور متعدد آپریشن ملتوی کرنا پڑے تھے ۔ پولی کلینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر راجا محمود کا کہنا ہے اگر مذکورہ کمپنی بلیک لسٹ ہے تو اس کا ازسر نو جائزہ اور تحقیقات کی جائیں گی ۔ ابھی تک کسی کو ٹینڈر جاری نہیں کیا گیا ،مذکورہ کمپنی بلیک لسٹ ہوئی تو ٹینڈر جاری کرنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔