خبرنامہ پنجاب

اسلام آباد میں جعلی ہسپتال کھل گئے، اسقاط حمل کا مکروہ دھندہ سر عام جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی میٹرنیٹی ہومز کی بھرمار ہو گئی ہے۔ گھروں میں ایک ایک کمرے کے ہسپتال کھل گئے ہیں جہاں بنیادی سہولیات بھی ناپید ہیں۔ ان ہسپتالوں میں ہر طرف گندگی کا راج ہے۔ پیسے کی ہوس میں خواتین کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ ان ہسپتالوں میں گائنی ٹیبل ہے اور نہ معیار کے مطابق اوزاروں کی صفائی کا کوئی بھی بندوبست، مریضوں کے معائنے کے لیے مخصوص بیڈ کی جگہ میلہ کچیلا بستر ہے لیکن لیڈی ڈاکٹرز دھڑلے سے کہتی ہیں کہ سب کچھ ادھر ہی ہوتا ہے بس مریض لے آئیں۔ ان کلینکس پر ریٹس بھی ہاتھ سے لکھ کر ایسے آویزاں ہیں جسے کوئی پرچون کی دکان ہو۔ مریض کو خون کی ضروت پڑ جائے یا بچے کو انکیوبیٹر کی، یہ سب سہولیات دور کی بات یہاں تو سیکشن مشین یا آکسیجن سلنڈر تک نہیں ہے۔ یہ انکشاف بھی ہوا کہ ان غیر رجسٹرڈ ہسپتالوں کی کمائی کا بڑا ذریعہ غیر قانونی اسقاط حمل کا دھندا بھی ہے۔ اسلام آباد شہر میں کیا ہو رہا ہے؟ اس پر وزیر مملکت طارق فضل چودھری جو خود بھی میڈیکل ڈاکٹر ہیں، سے پوچھا گیا تو سب کچھ جانتے بوجھتے ہوئے انجان بن گئے۔ جب وزیر مملکت کو کہا گیا کہ دیہی علاقوں میں نہیں، سب کچھ آپ کی ناک کے نیچے پوش سیکٹرز میں ہو رہا ہے تو فوراً ہی پینترا بدل لیا۔