لاہور:(اے پی پی)اضافی نمبرز نہ دئیے جانے پر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلبہ سراپا احتجاج ہوگئے ، ایک طالب علم نے ٹینکی پر چڑھ کر کودنے کی کوشش بھی کی ۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور کے سیکنڈ ائیر کے طلبہ اضافی نمبرز نہ ملنے پر سراپا احتجاج بن گئے ۔ ایک طالب علم نے ٹینکی پر چڑھ کر کودنے کی کوشش کی تاہم ساتھی طلبہ کے سمجھانے بجھانے پروہ اپنے ارادے سے باز رہا ۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ اُن کا ایک پرچہ آئوٹ آف سلیبس آیا تھا جس پر وی سی نے پروفیسرز کی کمیٹی تشکیل دی جس نے معاملے کا جائزہ لے کر سفارش کی تھی کہ طلبہ کو 18 اضافی نمبر دئیے جائیں ۔ تاہم وی سی نے اپنی تشکیل کردہ کمیٹی کی سفارش تسلیم کرنے سے انکار کردیا جس پر طلبہ سراپا احتجاج ہیں ۔