پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما وسیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ لاہور میاں کامران سیف نے الیکشن کمیشن کی طر ف سے انتخابات تک بلدیاتی اداروں کو معطل کرنے کے احکامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق حکمران سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی عہدیداران اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے الیکشن سرگرمیوں پر اثر انداز ہورہے تھے اور بلدیاتی اداروں کو اپنے من پسند امیدواروں کے حق میں استعمال کررہے تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں کامران سیف نے کہا کہ غیر جانبدار اور صاف و شفاف الیکشن کے لیے بلدیاتی اداروں کی معطلی انتہائی ضروری تھی۔بلدیاتی اداروں کے سیاسی جماعتوں سے وابستہ عہدیداران الیکشن پر اثر انداز ہورہے تھے انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ سے ملک بھر میں صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔