خبرنامہ پنجاب

انتظامیہ کی غفلت: لاکھوں روپے مالیت کے جانور بیماریوں کا شکار ہونے لگے

اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وفاقی دارالحکومت کے چڑیا گھر میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث لاکھوں روپے مالیت کے جانور زخمی ہو کر بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد کے دلکش مناظر سے بھرپور علاقہ مرغزار دامن کوہ کے دامن میں قائم کئے گئے چڑیا گھر میں قیمتی چنکارا ہرن اور لاکھوں روپے مالیت کا کالا عقاب زخمی ہو کر بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ چڑیا گھر انتظامیہ نے زخمی جانوروں کو توجہ دینے کی بجائے گندی اور مہلک مکھیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جس سے مکھیوں سے چنکارہ ہرن کے زخم میں پیپ پڑنے سے زخم خراب ہو کر اس کو بیماریوں کا شکار کر دیا ہے جبکہ عقاب کے زخمی ہونے سے اس کا دایاں پَر ناکارہ ہو چکا ہے۔ یہ عقاب پنجرے کے اندر اڑان بھرنے سے بھی قاصر ہو چکا ہے۔