خبرنامہ پنجاب

اندرون سندھ پارہ 47، لاہورمیں 46 ڈگری پہنچ گیا

لاہور:(آئی این پی) پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی انتہاؤں پر پہنچ گئی ہے۔ شہری اس وبال سے جان چھڑانے کیلئے دعایں کر رہے ہیں۔ سوا نیزے پر آیا سورج آج بھی دن بھر آگ برساتا رہا۔ ہر چیز جھلساتی رہی۔ لاہور میں درجہ حرارت 46 پر پہنچا تو شہری گھروں میں دبک گئے۔ چھٹی کے باوجود پارک سنسان اور سڑکیں ویران رہیں۔ اندرون سندھ بھی قہر کی گرمی نے لوگوں کی توبہ توبہ کرا دی۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ اور نواب شاہ میں پارہ 47 درجے پر پہنچ گیا۔ رحیم یار خان اور بہاولپور میں 45 جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں 44 درجے تک گرمی پڑی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے گرمی کی موجودہ لہر مزید کئی روز تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔