انسانی حقوق کا تحفظ ججز کی بنیادی ذمہ داری ہے: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ
لاہور: (ملت آن لائن) لاہور میں دو روزہ ایشیاء پیسیفک ماحولیاتی انصاف کانفرنس شروع ہو گئی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد یاور علی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی خطے کا سب سے اہم ترین مسئلہ ہے، حکومت اور متعلقہ اداروں کو مضبوط بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔ لاہور ہائیکورٹ اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام دو روزہ ایشیاء پیسیفک ماحولیاتی انصاف کانفرنس لاہور کے نجی ہوٹل میں شروع ہو گئی۔ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی برائے انسانی حقوق و ماحولیات جان ناکس کے علاوہ ملائیشیا ، ویت نام ، افغانستان ، سری لنکا اور نیپال سمیت مختلف ممالک سے مندوبین شریک ہیں۔ چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت جسٹس شیخ نجم الحسن اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس سید منصور علی شاہ سمیت ججز اور سینیئر وکلا کانفرنس میں موجود ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ ججز کی ذمہ داری ہے کہ وہ بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کریں، ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کا اہم کردار ہے ، صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کےلیے باقاعدہ قوانین موجود ہیں ، جدید سائنسی بنیادوں پر ماحول کی حفاظت یقینی بنانا ہو گی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ 1992میں پاکستان نے تحفظ ماحولیات ایکٹ پاس کیا، 2012 میں بھوربن میں انوائرمنٹل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جہاں ماحول کی بہتری کے لیے ڈیکلیریشن جاری کیا گیا۔