خبرنامہ پنجاب

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے پیکج ٹو کا نیا ٹھیکہ دینے کی اجازت

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے پیکج ٹو کا نیا ٹھیکہ دینے کی اجازت دے دی، عدالت نے ایل ڈی اے کو درخواست گزار کی قبضہ میں لی گئی، مشینری اور پلانٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا اور سول کورٹ کو بقایا جات سمیت دیگر امور بارے دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے مقبول کالسن کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس نے اورنج لائن پیکج ٹو کا ٹھیکہ لیا جس کے تحت چوبرجی سیعلی ٹاؤن کے13 کلو میٹر کے فیصلے پر تعمیراتی کام بھی کیا، ڈیزائن میں تبدیلی اور اضافی تعمیرات کی وجہ سے کام بروقت مکمل نہیں ہوسکا تھا اسی کو جواز بناتے ہوئے حکومت نے معاہدہ منسوخ کردیا تھا اور مکمل ادائیگی نہ کرنے کے علاوہ اس کا ملکیتی پلانٹ اور مشینری بھی قبضہ میں لے لی انہوں نے استدعا کی کہ تعمیراتی کام کی ادائیگی تک کسی کو معاہدہ نہ کرنے دیا جائے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شکیل الرحمان اور ایل ڈی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست گزار نے معاہدہ کی شرائط کے مطابق میٹرو ٹرین پیکج ٹو کا تعمیراتی کام 310 دنوں میں مکمل کرنا تھا جو نہیں کیا گیا شرائط کے مطابق درخواستگزار کا ٹھیکہ منسوخ کرکے اس کا پلانٹ اور مشینری قبضہ میں لی گئی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے پیکج ٹو کا نیا ٹھیکہ دینے کی اجازت دے دی، اور ایل ڈی اے کو درخواست گزار کی قبضہ میں لی گئی مشینری اور پلانٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا ۔