اسلام آباد- (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ نہیں ہے، پنجاب حکومت عوام کو سفر کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے پچھلے چار سال سے اس منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اجلاس قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی زیر صدارت ہوا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے لئے کوئی فنڈز مختص نہیں کئے جبکہ صوبائی حکومت اپنے بجٹ اور اپنے وسائل سے یہ اہم منصوبہ مکمل کر رہی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کو قومی اہمیت کا منصوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ کے تھنک ٹینکس نے بھی اس اہم منصوبے کی وجہ سے پاکستان کو اب انتہائی مثبت تناظر میں دیکھنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بڑے منصوبے کو کامیاب بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ میانمار، تھائی لینڈ جیسے ممالک میں بھی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، 46 ارب ڈالر کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد پاکستان بھی دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کے حصول کے قابل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پر مکمل اتفاق رائے ہے کیونکہ یہ پاکستان کے لئے انتہائی سازگار منصوبہ ہے۔ توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری سے متعلق احسن اقبال نے کہا کہ چین کی پرائیویٹ کمپنیاں پاکستان کی حکومت کی توانائی پالیسی کے مطابق توانائی کے منصوبے لگائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سے کوئٹہ تک چین پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا پہلا حصہ اس سال دسمبر میں مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر فاٹا یونیورسٹی، ژوب یونیورسٹی اور گوادر یونیورسٹی قائم کی جائیں گی۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے چیئرمین میجر جنرل ظاہر شاہ نے بتایا کہ چین اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ریلوے ٹریک، تیل کی پائپ لائن، آپٹک فائبر اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ واپڈا کے ممبر واٹر نے بھی کمیٹی کو کچھی کینال منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھی کینال منصوبے کا ڈیرہ بگٹی تک پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ منصوبے کے مکمل ہونے سے 8 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ سیراب ہوگا اور یہ منصوبہ بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔