لاہور:(اے پی پی) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اورنج لائن منصوبے کے لئے اشرافیہ کے خلاف اعلانِ جنگ کردیا، کہتے ہیں کہ منصوبے کی حمایت میں مال روڈ پر جلسے کے لئے جلد کال دیں گے۔ ایکسپو سنٹر لاہور میں بلدیاتی نمائندوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین کی مخالفت کرنے والوں نے کبھی پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر نہیں کیا، وہ منصوبے کی حمایت میں مال روڈ پر جلسے کے لئے جلد کال دیں گے۔وزیراعلیٰ نے جذباتی انداز میں کہا کہ ثقافتی ورثہ بچانے کے دعوے کرنے والوں نے کبھی شالامار باغ دیکھا تک نہیں، اشرافیہ کو ان کا اصلی چہرہ دکھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین دنیا کی سستی ترین میٹرو ٹرین ہے، منصوبے کے ذریعے کسی ثقافتی ورثے کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں بننے والی میٹرو ٹرین کیلئے متعدد مندر گرائے گئے تھے۔