خبرنامہ پنجاب

اوپن یونیورسٹی نے آئندہ تعلیمی سال سے ایل ایل بی پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا

اسلام آباد ۔ 11 نومبر (ملت + اے پی پی) پاکستان بار کونسل سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کرنے کے بعد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے آئندہ تعلیمی سال سے ایل ایل بی پروگرام شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے ، اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامی امور مکمل کرلئے گئے ہیں، فیکلٹی اور کورس مٹیریل کو فائنل کیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کی زیر صدارت منعقدہ سوشل سائنسز اینڈ ہیومنیٹیز کے فیکلٹی بورڈ اجلاس نے ایل ایل بی اور صحافیوں کے لئے ایم فل پروفیشنل ٹریک پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ فیکلٹی بورڈ نے’’شعبہ نفسیات‘‘ اور ’’شعبہ سیاست اور بین الاقوامی تعلقات‘‘ قائم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سید عبدالسراج کے پیش کردہ تعلیمی ایجنڈے کو بھی اجلاس میں منظورکرلیا گیاہے۔ تین سالہ ایل ایل بی پروگرام کے معیار کو بہتر بنانے اور طلبہ کو سپورٹ فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کو قانون کی کتابوں، عدالتوں، مقدمات اور دیگر متعلقہ مواد سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام صرف راولپنڈی /اسلام آباد میں پیش کیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ طلبہ کو عدالتی کارروائی سے واقف کرانے کے لئے باقاعدہ طور پر ’’کورٹ روم‘‘ بھی بنایا جائے گا۔ یہاں یہ بات بتانا قابل ذکر ہے کہ اوپن یونیورسٹی پہلے ہی بہت کامیابی سے ایل ایل ایم )شریعہ( پروگرام چلا رہی ہے۔