خبرنامہ پنجاب

اِن ہاؤس تبدیلی کےلئےاپوزیشن جماعتیں متحد ہوجائیں: شجاعت

لاہور: (اے پی پی) مسلم لیگ قائد اعظم کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اپنا جواز کھو چکی ، اپوزیشن فائنل راؤنڈ کیلئے متحد ہو اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تو اِن ہاؤس تبدیلی ممکن ہے ۔ مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے لاہور سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ قومی سلامتی ، کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اپنے فرائض میں ناکامی کے باعث حکومت اپنا جواز کھو چکی ہے ۔ اپوزیشن کیلئے یہ فائنل راؤنڈ ہے جس کیلئے اسے متحد اور یکجا ہونا چاہئے ۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تو اِن ہاؤس تبدیلی ممکن ہے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کرپشن کے اتنے واضح الزامات کے باوجود احتساب کا راستہ روکنے کیلئے حکومت جو تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے اور جس طرح وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون ناحق کے ذمہ داروں اور قاتلوں کو بچا رہی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے اپنی ریاستی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے ان سے واضح انحراف کیا ہے۔