خبرنامہ پنجاب

اڈیالہ جیل میں ڈھائی ماہ کی بچی سردی سے جاں بحق

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) سکیم تھری کی رہائشی خاتون شازیہ کو تھانہ ائرپورٹ پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار کر کے تین روز قبل جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کیا تھا۔ زیرحراست ماں کی درخواست پر اس کی ڈھائی ماہ کی بچی اقراء کو کل شام جیل منتقل کیا گیا جہاں وہ سردی لگنے سے دم توڑ گئی۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ شازیہ کی بیٹی پہلے سے بیمار تھی۔ خاتون نے بچی کی خراب صحت کا نہیں بتایا البتہ شازیہ اور اس کی بیٹی کو خواتین کی بیرکس میں رکھا گیا اور معمول کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ اقراء کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی بعد لاش بچی کے والد کے حوالے کر دی گئی۔