خبرنامہ پنجاب

اگر کرپشن نہیں کی تو پہلے میٹرو بس کے ریکارڈ کو کس نے کیوں جلایا: محمود الرشید

لاہور (ملت + آئی این پی ) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کے پی کے میں تو دور کی بات ہے اس بار پنجاب میں بھی حکومت بنا کر دکھائیں، شہباز شریف بتائیں اگر کرپشن نہیں کی تو پہلے میٹرو بس کے ریکارڈ کو کس نے کیوں جلایا، نندی پور پاور پراجیکٹ کے ریکارڈ کو کس نے پھاڑ ا؟ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بڑھک مارنے والے وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور وزرا بے نقاب ہونا شروع ہو گئے ہیں جس وزیر اعظم کو یہ ہی نہیں پتہ کہ ملک بھر میں آلو 25 نہیں 40 تا 60 روپے کلو فروخت ہو رہے ہیں اس کو غریب عوام کی مشکلات کا کیا پتہ ہوگا ، عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، سفارتی محاذ پر ناکام حکمران کارکردگی دکھانے کی بجائے جوشیلے بیانات داغ رہے ہیں جس سے ملک محاذ آرائی کی طرف جارہا ہے جو نقصان دہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی نہیں پوری قوم شریف برادران کو کرپشن کنگ سمجھتی ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتار یوں اور دو نومبر سے متعلق سوال پر اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہا کہ 2نومبر حکمرانوں کی غلط فہمی دور کرنے کا دن ہے، انقلاب کا آغاز ہوگا اور چند روز میں عوام کو کرپشن اور کرپٹ حکمران فری پاکستان تحفہ میں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کارکن کو گرفتار کیا گیا تو متعلقہ تھانوں کے باہر دھرنا دیں گے سلسلہ نہ رکا تو شہر بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے وزارت اعلیٰ کے دوران صرف مائیک گرانے پر توجہ دی، ہسپتالوں سرکاری سکولوں کی حالت ابتر ہے، غریب کو علاج، صاف پانی، تعلیم میسر نہیں، پڑھا لکھا نوجوان روزگار سے محروم ہے، ڈاکٹر ہوں، کسان، سرکاری ملازم، طلبہ یا نرسیں ہوں سب سڑکوں پر ہیں، چیف جسٹس کہتے ہیں ملک میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت قائم ہے لیکن دونوں بھائی، انکی اولاد و ں اور دربار یوں کو ملک دن دگنی رات چو گنی ترقی کر رہا ہے، انہوں نے کہا اب وقت ان کرپٹ ظالم حکمرانوں سے جان چھڑا لی جائے، قوم تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔