خبرنامہ پنجاب

اہم شخصیات کیلیے سی این جی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی

لاہور:(اے پی پی)پنجاب حکومت نے صوبے میں سی این جی اسٹیشن کھلنے کے بعد سلنڈر دھماکے اور دہشت گردی کے خدشہ کی وجہ سے وی وی آئی پیز کی نقل و حرکت کیلیے سی این جی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بیوروکریسی کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ گھروں اور دفاتر میں پارکنگ سے قبل سرکاری گاڑیوں کو چیک کیا جائے اس ضمن میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے پروکیورمنٹ اینڈ ٹرانسپورٹ ونگ نے صوبائی اداروں کے سربراہان، کمشنرز، ڈی سی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا۔ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وی وی آئی پیز اور وی آئی پیزکی موومنٹ کیلیے سی این جی گاڑیاں استعمال کرنے کے ایشو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلیے وی وی آئی پیز اور وی آئی پیز کی پروٹوکول ڈیوٹی کیلیے سی این جی گاڑیاں استعمال نہ کی جائیں، وی وی آئی پی ڈیوٹی کے علاوہ انتہائی ہنگامی حالات میںاگر سی این جی گاڑی کے استعمال کی ضرورت پیش آئے تو ان گاڑیوں کواستعمال سے قبل اسپیشل برانچ کے عملہ سے چیک کرایا جائے۔