خبرنامہ پنجاب

ایل پی جی 10روپے کلو مہنگی

لاہور، اسلام آباد (ملت+اے پی پی) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ایل پی جی کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کل سے 7 روپے لٹرتک اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی گھریلو سلنڈر 100 روپے جبکہ کمرشل 400 روپے مہنگا ہو گیا۔ قیمتوں میں اضافے کے بعدایل پی جی کی قیمت کراچی میں90روپے کلو، گھریلو سلنڈر 1030 روپے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، جہلم، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور 95روپے کلو، گھریلو سلنڈر1090روپے۔ رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر110روپے کلو،گھریلو سلنڈر 1270روپے۔ راولپنڈی ، اسلام آباد، ایبٹ آباد،مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، دادو، جام شورو، شکار پور115روپے کلو،گھریلو سلنڈر1330روپے۔ گلگت بلتستان، مری،نتھیا گلی، بالاکوٹ میں 120روپے کلو جبکہ گھریلو سلنڈر1390روپے کا ہو گیا۔ ادھر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی( اوگرا) کی طرف سے وزارت پٹرولیم کو ارسال کی گئی سمری میں پٹرول 31پیسے، ڈیزل تین روپے 48پیسے، مٹی کا تیل6 روپے 93 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ حتمی فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کریں گے جس کے بعد وزارت خزانہ (آج)31 دسمبر کو اعلان کرے گی اورنئی قیمتوں کااطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔