لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کا شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، ہڈیارہ میں 5 زیر تعمیر فیکٹریاں مسمار، ایک پلازہ سربمہر جبکہ ٹاؤن شپ میں غیر قانونی مارکی کو مسمار کر دیا ۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر شفقت نیاز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمار یاسر کی سربراہی میں ہڈیارہ ڈرین کے پاس غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا۔ ایل ڈی اے نے ہڈیارہ ڈرین سے ملحقہ ایل ڈی اے سٹی کے لئے ایکوائر کی گئی اراضی پر زیر تعمیر 5 فیکٹریوں کو مسمار کردیا جبکہ ایک کمرشل پلازے کو جزوی مسمار کرکے سربمہر کر دیا گیا۔ ایل ڈی اے نے اس سے قبل بھی کمرشل پلازے کو مسمار کیا تھا تاہم نوٹسز جاری کرنے کے باوجود باز نہ آنے پر دوبارہ کارروائی کی دوسری جانب ایل ڈی اے شعبہ ٹاؤن پلاننگ نے ڈپٹی ڈائریکٹر افراز اختر کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے 728 ٹو ڈی ون پر غیر قانونی مارکی کو مسمار کردیا۔ ایل ڈی اے نے بلڈوزر کے ذریعے مارکی کی چار دیواری اور سٹیل سٹرکچر کو گرا دیا جبکہ مارکی کے داخلی راستے کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ داروں کو نوٹسز جاری کیے جاتے ہیں تاہم جواب نہ دینے اور قانون کے مطابق تعمیرات نہ کرنے والوں کو مسمار ی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔