لاہور:(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ کے3رکنی فل بنچ نےایم کیو ایم کےقائد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کےلیےدائر درخواستوں پر سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی۔کمرہ عدالت کے اندر اورباہر فریقین نے ایک دوسرے کےخلاف نعرے بازی بھی کی ،لاہور ہائیکورٹ کے3رکنی فل بنچ کےروبرو ایم کیو ایم کےقائد کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کیلئےدائر درخواستوں کی سماعت ہوئی۔کمرہ عدالت میں ایم کیو ایم کےقائد کی وکیل عاصمہ جہانگیر کے ایک ٹی وی انٹرویو کی ویڈیودکھائی گئی جس میں انہوں نےعدلیہ کے حوالےسےریمارکس دیئےتھے،اس دوران کمرہ عدالت میں موجود ایم کیو ایم کے کارکنوں اوردرخواست گزاروں کےدرمیان ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔عدالت نےعاصمہ جہانگیرکوانٹرویو کے مندرجات پر تحریری معافی نامہ داخل کرنے کا حکم دیا،عاصمہ جہانگیر نے زبانی طور پرمعذرت کی مگر تحریری معافی نامہ داخل کرنے سے انکار کردیا۔ہنگامہ آرائی کےدوران عدالت نے ایم کیو ایم کےسینیٹر عتیق الرحمان کو روسٹرم پر طلب کرکے کہا کہ عدالتیں احتجاج اور ہڑتالوں سے دباؤ میں نہیں آتیں، اگر آپ ایساسمجھتے ہیں تو یہ آپ کی غلط فہمی ہے،سماعت کے بعداحاطہ عدالت میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں اور درخواست گزاروٕ ں نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔