لاہور (ملت + آئی این پی ) ینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے چھاپے مار کر رشوت لینے کے الزام میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ، ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ ظفر اقبال اور سیکرٹری یونین کونسل رانا واہن لودھراں شفقت ضیاء کو گرفتار کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ، ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ ظفر اقبال پر الزام تھا کہ اس نے مظفر گڑھ کے رہائشی غلام مرتضیٰ کو بلیک میل کر کے 80 ہزار روپے رشوت وصول کی ۔ اینٹی کرپشن کی انکوائری کے دوران ملزم ظفر اقبال پر اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے 80 ہزا ر روپے رشوت لینے کا الزام درست ثابت ہوا جس کے بعد ملزم کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مقدمہ درج کیا گیا اور مجاز اتھارٹی کی جانب سے جوڈیشل ایکشن کی منظوری کے بعد سرکل افسر غلام رسول اور اے ایس آئی اینٹی کرپشن عبدالرؤف نے چھاپہ مارکر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ظفر اقبال کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔ ملزم سے مزید تفتیش کے لیے کل مقامی عدالت سے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لودھراں محمد عابد وڑائچ نے سول جج عبدالقیوم کی سرکردگی میں چھاپہ مار کر برتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے کہوڑ پکا کے رہائشی گہنے خان سے چھ ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے سیکرٹری یونین کونسل رانا واہن لودھراں شفقت ضیاء کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ رشوت کی رقم برآمدکرنے اور مقدمہ درج کرنے کے بعد ملزم شفقت ضیاء کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوادیا گیا۔