خبرنامہ پنجاب

این اے 63 جہلم اورپی پی 232 بورے والا میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ

لاہور: (اے پی پی) این اے 63 جہلم اور پی پی 232 بورے والا میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے ، دونوں حلقوں میں ن لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ۔ پولنگ کا سلسلہ صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا ۔ بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ اسٹیشن کا رخ کر رہے ہیں ۔ پولنگ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ پاک فوج کے اہلکار بھی پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہیں ۔ این اے 63 جہلم کی نشست ن لیگ کے اقبال مہدی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی جہاں پی ٹی آئی کے فواد چوہدری اور پیپلز پارٹی کے جہانگیر مرزا مدمقابل ہیں ۔ حلقے میں 4 لاکھ 27 ہزار افراد کیلئے 314 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں ۔ پی پی 232 بورے والا میں بھی ضمنی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جہاں ن لیگ کے یوسف کسیلیہ اور پی ٹی آئی کی عائشہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 91 ہزار ہے ۔ انتخابات کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔