خبرنامہ پنجاب

ایک ہی دن میں5 خواتین کا قتل حکمرانوں کے منہ پرطمانچہ ہے:سرور

لاہور(آئی این پی) سابق صوبائی گور نر چوہدری محمدسرور نے پنجاب کو خواتین کیلئے غیر محفوظ ترین صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی دن میں5 خواتین کا قتل حکمرانوں کی گورننس کے منہ پر طمانچہ ہے ‘چیف جسٹس آف پاکستان مذکورہ واقعات کا ازخود نوٹس لیں اور ملزموں کو نشانہ عبر ت بنایا جائے ‘پو لیس کے ادارے کو (ن) لیگ نے سیاسی مداخلت سے تباہ کر دیا ہے‘موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں عوام کے جان ومال کا تحفظ کسی صورت ممکن نہیں کیونکہ حکمرانوں کی تر جیح عوام کے جان ومال کے تحفظ کی بجائے اپنی جیبیں بھرنا ہے ۔ بدھ کے روز گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی گور نر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پنجاب کے صرف دو شہروں میں غیر ت کے نام پر پانچ خواتین کا قتل اس بات کو ثابت کر رہا ہے کہ پنجاب میں آئین وقانون کی حکمرانی نام کی کوئی چیز نہیں اور حکومت خواتین کے تحفظ میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور ایسے نااہل حکمرانوں کو اخلاقی طور پر اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ جہاں خواتین کے ساتھ زیادتی اور قتل کے سب سے زیادہ واقعات ہو رہے ہیں اور (ن) لیگ کی پنجاب حکومت صوبے میں خواتین کے تحفظ کیلئے صرف قوانین بناتی ہے مگر ان کی ایک بھی شق پر عمل کر وانے میں مکمل ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے کسی بھلائی کی توقع نہیں اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پانچ خواتین کے قتل کا ازخود نوٹس لیں اور تمام ملزموں کو فوری طور پر گر فتار کر نے کا حکم دیکر انکو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نشانہ عبر ت بنایا جائے تاکہ کسی کو ایسا کر نے کی جرات نہ ہوسکے ۔