اسلام آباد:(اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے روس کے تعاون سے نارتھ ساوٴتھ گیس پائپ لائن، گوادر نواب شاہ ایل این جی ٹرمینل اور گیس پائپ لائن سمیت توانائی کے شعبے سے متعلقہ پانچ منصوبوں کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ای سی سی نے توانائی سے متعلق پانچ تجاویز کی منظوری دے دی۔ ای سی سی اجلاس میں روس کے تعاون سے شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے کی منظوری دی گئی۔ منصوبے کے حوالے سے گیس قیمتوں کے تعین کے لئے وزارت قانون ، وزارت پیٹرولیم و قدرتی وسائل ،سرمایہ کاری بورڈ کے سیکریٹریز، ایم ڈی سوئی نادرن گیس پائپ لمیٹڈ اور وزارت خزانہ کے حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، کمیٹی روس کے ساتھ منصوبہ کی تفصیلات اور قیمتوں کا تعین کرے گی۔ ای سی سی نے گوادر نواب شاہ ایل این جی ٹرمینل اور پائپ لائن منصوبہ کی بھی منظوری دے دی۔ منصوبہ بی او او ٹی بنیاد پر تعمیر ہو گا- ای سی سی نے توانائی کے شعبے کے لئے فنانسنگ کے حصول کیلئے 25 ارب روپے کی سوورن گارنٹی کی منظوری بھی دے دی۔ای سی سی نے 70 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد کی وزارت پانی و بجلی سے متعلقہ نان کیش تصفیے کی بھی منظوری دے دی۔