راولپنڈی (ملت + آئی این پی) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے ملک کے مختلف علاقوں میں کی گئی20کاروائیوں کے دوران تقریباً12ارب80کروڑ روپے بین الااقوامی مالیت کی 11.6ٹن منشیات برآمد کرلی، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 20ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔برآمدشدہ منشیات میں11.6ٹن چرس ، 5.8کلوگرام ہیروئن ، 2کلوگرام ایمفیٹا مین اور 2کلوگرام افیون شامل ہے۔علاوہ ازیں، منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونیوالی 5گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے مستونگ میں ایک خفیہ اطلاعات پر کاروائی کرتے ہوئے 4500کلو گرام چرس برآمد کر لی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے قلعہ عبداللہ میں خفیہ اطلاعات پرمبنی کاروائی کرتے ہوئے 6322کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ اطلاعات کے مطابق ،مذکورہ منشیات کسی دیگرگروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی، اور بعد ازاں، کسی نامعلوم مقام پر اسمگل کی جانی تھی۔اے این ایف راوالپنڈی نے ہٹیاں بس اسٹاپ، جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب موٹر سائیکل پر سوار صابر حسین نامی مقامی منشیات فروش کے قبضے سے 1.2کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ دوسری کاروائی کے دوران سنجوال چوک، اٹک کے قریب اٹک کے رہائشی جواد علی نامی ملزم کے قبضے سے 1.1کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا۔تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف راوالپنڈی نے جوتیال بس اسٹاپ، گلگت کے قریب کی گئی کاروائی کے دوران داسو کے رہائشی نذیررحمت اور کوہستان کے رہائشی لیا قت علی نامی ملزمان کے قبضے سے 1کلوگرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف لاہور نے فورٹ مونرو، کوہ سلیمان، ڈیرہ غازی خان کے قریب لاوارث بوری کوتحویل میں لے کربوری میں موجود830کلو گرام چرس قبضے میں لے لی، جوکہ اطلاعات کے مطابق،اے این ایف سے بچانے کی غرض سے گاڑی سے اتاری گئی تھی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے لاہور ائرپورٹ کارگو سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے870گرام ہیروئن برآمد کرلی ۔ مذکورہ پارسل گوجرانوالہ کے رہائشی عثمان کی طرف سے بک کیا گیا تھا اور برمنگھم موجود عدنان نامی ملزم نے وصول کرنا تھا۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے وزیر آباد روڈ، سیالکوٹ کے قریب کی گئی کاروائی کے دوران سیالکوٹ کے رہائشی محمد عظیم کے قبضے سے 300گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے فیصل آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے صوابی کے رہائشی سکندر ذیب کے ہاٹ پاٹ سے 750گرام ایمفیٹا مین بر آمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم ائیر عریبیہ کی پرواز سے سعودی عرب روانہ ہور ہا تھا۔ پانچویں کاروائی کے دوران ،اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائرپورٹ سے مظفر آباد کے رہائشی محمد فراز کے قبضے سے 330گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا، جو کہ ملزم کے سامان میں چھپائی گئی تھی۔ چھٹی کاروائی کے دوران، اے این ایف لاہور نے پنجاب رینجرز کی مدد سے برکی پل، بی آر بی کنال، برکی روڈ، لاہور کے قریب ایک ہنڈا سوک کارکو روک کردوران تلاشی اسمیں چھپائی گئی 5کلوگرام ہیروئن بر آمد کرتے ہوئے لاہور کے رہائشی چودھری محمد اسلم کو گرفتار کر لیا۔ اے این ایف پشاور نے پشاور ائرپورٹ سے چارسدہ کے رہائشی تاج ولی نامی ملزم کے قبضے سے 960گرام ایمفیٹامین برآمد کرے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم قطر ائرویز کی پرواز نمبر QE-601ذریع سعودی عرب کے شہر طائف جا رہا تھا۔ دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے حیات آباد پشاور سے شیراز نامی ملزم کے قبضے سے 6کلو گرام چرس برآمد کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تیسری کاروائی کے دوران، اے این ایف پشاور نے رنگ روڈ پشاور میں ایک کرولا سیلون کار کو روک کردوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 4.6کلوگرام چرس برآمد کرکے خیبر ایجنسی کے رہائشی عبدالمحمدکو گرفتار کر لیا۔ چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے امبری کلے چوک، انڈس ہائی وے کرک کے قریبایک ٹویوٹا کرولا کارکوتحویل میں لے کردوران تلاشی لی گئی تو اسکے خفیہ خانوں سے 2.4کلو گرام چرس برآمد کرتے ہوئے ،کرک کے رہائشی 3ملزمان عمر شریف، عابد زمان اور سراجم نامی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور ائرپورٹ سے عرفان اللہ نامی ملزم کے بیگ سے 700گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم شاہین ائرلائنز کی پرواز نمبر NL-792 کے ذریعے شارجہ روانہ ہورہاتھا۔ اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ، کراچی سے مالدیپ جانے والے لاہور کے رہائشی ریاض حسین نامی مسافرکوگرفتار کر لیا،جس نے دوران پوچھ گچھ پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولوں موجودگی کا اعتراف کیا۔ ملزم نے ائر لنکا کی پرواز نمبر UL-184 پر سوار ہونا تھا۔ دوسری کاروائی کے دوران، اے این ایف کراچی نے الآصف ا سکوائر، سہراب گوٹھ، کراچی کے علاقے میں کی گئی کاروائی کے دوران 2ملزمان کے قبصے سے 15کلوگرام چرس برآمد کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کا تعلق کراچی سے ہے۔ تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے سنگر چورنگی ،انڈسٹر یل ایریا ، کراچی میں کاورائی کر کے کراچی کے رہائشی ایک رکشہ ڈرائیور کے قبضے سے 5کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔