بارہ اکتوبرکا آمرانہ اقدام ملکی ترقی روکنے کی سازش تھی، شہباز شریف
لاہور (ملت آن لائن)پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کا کہنا ہےکہ 12 اکتوبر1999ء کا آمرانہ اقدام پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راستے روکنے کی گھناؤنی سازش تھی۔
لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ آمرانہ ادوار میں ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا ،جمہوری عمل کو بار بار سبوتاژ نہ کیا جاتا تو ملک کو آج سنگین مسائل کا سامنا نہ ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ 12 اکتوبر1999ءکو ڈکٹیٹر نے منتخب جمہوری حکومت کا غیر آئینی طریقے سے تختہ الٹایا، مارشل لاء کے سیاہ دور میں صعوبتیں اور تکالیف برداشت کرنے والے سیاسی کارکن اور رہنما ہمارے ہیروہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام کے منفی نتائج قوم آج بھی بھگت رہی ہے، یہ پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرناہے کہ ہم جمہوریت اور آئین کے خلاف کسی اقدام کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔