خبرنامہ پنجاب

بجلی تو ہے نہیں شہبازشریف مودی کو لوڈشیڈنگ تحفے میں دیں، چودھری پرویزالٰہی

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی تو ہے نہیں شہبازشریف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو لوڈشیڈنگ ہی تحفے میں بھیجیں، ن لیگ حکومت اپنے آپ کو زندہ رکھنے کیلئے ٹی وی اور اخبارات کا سہارا لے رہی ہے عملی طور پر ان کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، دونوں بھائی تختی لگانے کے شوق میں ایسے منصوبوں کا افتتاح کر رہے ہیں جن کا وہ خود پہلے بھی کئی بار صرف افتتاح کر چکے ہیں۔ وہ یہاں اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے طارق بشیر چیمہ ایم این اے اور ڈاکٹر افضل ایم پی اے کی قیادت میں بہاولپور کے منتخب چیئرمین و نائب چیئرمین اور مسلم لیگی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس میں سابق ایم پی اے چودھری احسان الحق، سید صلاح الدین جیلانی، قاضی مرتضیٰ، حاجی خلیل، محمد یاسر رانجھا، چودھری زبیر، محمد عامر، اشفاق احمد تارڑ، اشتیاق احمد تارڑ، جاوید احمد تارڑ، علی اکبر باجوہ، جاوید اختر سندھو، چودھری شوکت علی ججہ، چودھری علی ججہ، علی الطاف، محمد ندیم لاشاری، فارق اعظم وڑائچ اور چودھری سرفراز احمد شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمرانوں کا مقصد صرف اور صرف کمیشن بنانا ہے، ہر پیدا ہونے والا بچہ لاکھوں کا مقروض ہے لیکن دونوں بھائی مودی کی دوستی کیلئے مرے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی اتنی قلت ہے کہ ہمارے شہر اور دیہات کئی کئی گھنٹے اندھیرے میں ڈوبے رہتے ہیں، ابھی گرمی اتنی پڑی نہیں اور لوڈشیڈنگ کئی کئی گھنٹے بڑھ چکی ہے اگر ان کو مودی سے اتنا پیار ہے تو اس بار بھارت شفٹ ہو جائیں۔