خبرنامہ پنجاب

بجٹ اعلان کےباوجود محنت کش حق سےمحروم

لاہور (آئی ائن پی) اعلانات پر اعلانات ، بجٹ پر بجٹ ، لیکن محنت کش کی حالت نہ بدلی ۔ آئندہ مالی سال کے لئے کم از کم تنخواہ 14 ہزار روپے کر دی گئی ہے لیکن رواں مالی سال میں تو پنجاب حکومت بجٹ میں اعلان کردہ کم از کم تنخواہ کی فراہمی بھی یقینی نہ بنا سکی ۔ پنجاب حکومت نے رواں برس کے لئے بجٹ کا اعلان کیا تو خوشخبری دی کہ اب صنعتی اداروں میں کام کرنے والوں کو کم ازکم تنخواہ ملے گی 13 ہزار ۔ لیکن جب دنیا نیوز نے کوٹ لکھپت انڈسٹریل اسٹیٹ کی فیکٹریوں میں کام کرنے والوں کو ٹٹولا تو پتہ چلا کہ اکثر صنعتی اداروں میں تو اس اعلان پر عملدرآمد خواب ہی بنا ہوا ہے ، فیکڑی مشینوں پر اپنا خون پسینہ بہانے کے بعد یہ مزدور پیٹ کی آگ بجھانے کی کوشش کر تے ہیں تو اپنا مالی بوجھ کم کرنے کے لئے ایک ہی پلیٹ میں دال روٹی کھا نے میں ہی عافیت جانتے ہیں کیونکہ تنخواہ کم ہو یا زیادہ پیٹ کی آگ بھی تو ٹھنڈی کرنی ہے ۔ اب پھر بجٹ میں ایک ہزار تنخواہ بڑھا کر 14 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔ محنت کش کا تو یہی کہنا ہے کہ اگر عمل نہیں کرانا تو فیصلہ ہی کیوں کیا جاتا ہے ۔