لاہور: (ملت+اے پی پی) سیشن جج لاہور نذیر احمد گنجانہ کی الوادعی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب میں چیف جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ جوڈیشل افسران بلا خوف و خطر انصاف کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے ججز کے لئے ٹرانسفر پالیسی بہت جلد نافذ کر دی جائے گی جس پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ضلعی عدلیہ کے ججز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے سخت پیرامیٹرز اپنائے ہیں جن میں احتساب، کمپلینٹ مینجمنٹ، جوڈیشل کارکردگی رپورٹس اور ڈویلپمنٹ اور ویلفیئر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوان جوڈیشل افسران کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ چیف جسٹس نے سیشن ججز سے کہا کہ تربیتی کورسز کے دوران کارکردگی رپورٹس کو جوڈیشل افسران کی سروس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔