لاہور (ملت + آئی این پی) بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے رولزمیں ترمیم کا فیصلہ‘ فل کورٹ اجلاس میں ترامیم کی حتمی منظوری دی جائے گی‘ ضابطہ فوجداری اور دیوانی میں ترامیم کیلئے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی‘ رولز کمیٹی کا اجلاس 24 مارچ کو طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق 24 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں ضلعی عدالتوں میں فوجداری اور دیوانی مقدمات کی روزانہ سماعت کا معاملہ زیرغور آئے گا۔ وکلا کو بحث کیلئے مخصوص وقت دینے، بحث کا خلاصہ عدالت میں جمع کروانے، مقدمات کی نقول دوسرے فریق کو دینے کا پابند بنانے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے اجلاس میں دوران سماعت ٹرائل کورٹ کے متعلقہ جج کو تبدیل نہ کرنے ، بحث مکمل ہونے کے 1 ماہ کے اندر فیصلہ سنانے کا پابند بنانے کا معاملہ بھی زیرغورآئیگافریقین کی آگاہی بارے ارجنٹ میل سروس سے استفادہ حاصل کرنے پر غور کیا جائیگا۔ ضابطہ فوجداری اور دیوانی میں ترامیم کے لئے آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ رولز کمیٹی جسٹس محمد یاور علی کی سربراہی میں کام کرے گی ۔ کمیٹی کے ممبران میں جسٹس امین الدین، جسٹس شاہد کریم، جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس قاضی محمد امین احمد، سینئر سول جج لاہور علی عباس اور ظفر اقبال کلانوری ایڈووکیٹ شامل ہیں۔