لاہور:( آئی این پی) نیب نے ملزم بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کو احتساب عدالت میں پیش کیا اور بتایا کہ ملزم ڈی ایچ اے لاہور سٹی پراجیکٹ کا سابق ڈائریکٹر ہے لیکن بطور ڈائریکٹر پراجیکٹ اس نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ ملزم ڈی ایچ اے اراضی اسکینڈل کے 16 ارب روپے کے فراڈ میں ملوث ہے۔ ملزم نے شہید ہونے والے فوجیوں کے لواحقین سمیت 26 ہزار شہریوں سے رقوم لے کر پلاٹ نہیں دئیے۔ نیب کے وکیل نے بتایا کہ ملزم سے تفتیش کرنی ہے اس لئے 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ملزم کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا کہ تمام ریکارڈ نیب پاس ہے۔ لہٰذا جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔ کے-احتساب عدالت نے ملزم بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد نذیر بٹ کا سات دنوں کا جسمانی ریمانڈ دیتے ہوئے اس کو تفتیش کے لئے نیب کی تحویل میں دے دیا جبکہ اس سے قبل ڈی ایچ اے لاہور سٹی پراجیکٹ میں فراڈ کے الزام میں مرکزی ملزم حماد ارشد پہلے ہی جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہیں۔