خبرنامہ پنجاب

بزدلانہ کارروائیاں قوم کا غیرمتزلزل عزم کمزورنہیں کرسکتیں: شہباز

لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سول ہسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہو ئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف قوم کا غیرمتزلزل عزم کمزور نہیں کرسکتیں،معصوم لوگوں کو نشانہ بنانیوالے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے بلوچستان بارکے صدر بلال انورکاسی کے قتل کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتول کے لواحقین سے بھی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ دوسری طرف لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف نے کوئٹہ دھماکے کے بعدلاہورمیں سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کردی۔ڈویژنل پولیس افسران کو اہم مقامات کی سیکورٹی چیک کرنے کے احکامات دے دیئے۔