لاہور: (ملت+اے پی پی) بلاول ہاؤس لاہور سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ریلی کا آغاز ہو گا۔ قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، چودھری منظور اور مصطفے کھوکھر بھی بلاول کے ہمراہ ہوں گے۔ ریلی کے آغاز پر بلاول ہاؤس کے مرکزی گیٹ پر ابتدائی خطاب ہو گا۔ بحریہ ٹاؤن کے داخلی راستے سے ریلی کینال پر آئے گی۔ ٹھوکر نیاز بیگ سے پہلے ریلی موٹروے پر آئے گی جہاں پہلے ٹول پلازہ پر اعتزاز احسن ریلی کے شرکاء کے اعزاز میں ناشتہ دیں گے اور بلاول بھٹو مختصر خطاب کریں گے۔ ریلی فیض پور انٹرچینج سے نیچے اترے گی۔ شیخوپورہ روڑ پر پھول منڈی میں بلاول بھٹو کی ریلی کا استقبال ہو گا۔ کوٹ عبدالمالک میں بھی استقبالیہ کیمپ اور شیخوپورہ بتی چوک پر بلاول بھٹو کا استقبال اور خطاب ہو گا۔ فیروز وٹواں، گیٹ ننکانہ صاحب، ماناوالہ میں بھی استقبالیہ کیمپ لگیں گے۔ کھڑیانوالہ سے ہوتے ہوئے ریلی فیصل آباد میں داخل ہو گی۔ فیصل آباد میں ضلع کونسل ہال کے سامنے بلاول بھٹو ریلی کے اختتام پر جلسے سے خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے زیراستعمال رہنے والے خصوصی ٹرک پر سوار ہو کر خطاب کریں گے جو پہلے ہی فیصل آباد پہنچا دیا گیا ہے۔