خبرنامہ پنجاب

بھارتی جار حیت کیخلاف سب متحد ہیں: سرور

لاہور: (ملت+آئی این پی) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارتی جار حیت کیخلاف سب متحد ہیں‘ بھارت کی بلا اشتعال فائر نگ غیر اعلانیہ جنگ کی سازش ہے پاک افواج اس کو منہ توڑ جواب ہی دیگی ‘پاکستان کی امن کی خواہش کو بھارت ہماری کمزوری نہ سمجھے‘ جب تک ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ نہیں ہوتا عوام کو تعلیم ،صحت ،چھت اور روز گار کی بنیادی سہولتیں نہیں ملیں گی۔ اپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو میں سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بھارت کی بلا اشتعال فائر نگ خطے میں امن کیلئے خطر ہ بن چکی ہے عالمی اداروں کو چاہیے وہ خاموش تماشائی بننے کی بجائے اس کا سخت نوٹس لیں اور بھارت کی جنگی جنون کو روکا جائے ورنہ بہت زیادہ نقصان ہو جائیگا بھارت جنگ چھڑنے سے باز رہے ورنہ اپنی موت کو دعوت دیگا پوری قوم بھارتی جار حیت کے خلاف افواج پاکستان کیساتھ ایک پیج پر ہے اور دشمن کی کسی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے بد عنوانی کسی کینسر سے کم نہیں اگر عوام چاہتے ہیں کہ اس ملک میں بسنے والے ہر پاکستانی کو صحت ‘تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتیں میسر آئے تو پھر سب کو ملک میں شفاف احتساب کیلئے آواز بلند کر نا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے اور کرپشن کی کوکھ سے ہی تمام مسائل نے جنم لیا ہے اگر عوام ملکی ترقی اور قومی وقار کی بحالی چاہتے ہیں تو انہیں کر پشن سے نجات حاصل کر نے کیلئے اپنے ووٹ کی طاقت کا بھی استعمال کر نا ہوگا ۔