لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں دبا سکتا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی افواج نے نہتے کشمیری عوام پر بربریت کی انتہا کردی، بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں، کشمیری عوام کو آزادی دیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی افواج کے مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔
مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا میں بھارتی فورسز نے آج سرچ آپریشن کے دوران 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔