خبرنامہ پنجاب

بھارت کی آبی جارحیت ، نالہ ڈیک میں پانی چھوڑدیا

لاہور: (اے پی پی) بھارت نے آبی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نالہ ڈیک میں پانی چھوڑ دیا جس سے دریائے چناب بھی تباہی پھیلانے لگا ، سیالکوٹ اور ظفر وال کے کئی علاقے پانی کی لپیٹ میں آگئے ۔ دوسری طرف بلوچستان میں ندی نالے بپھر گئے ، ہرنائی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ، لسبیلا اور اوتھل کا وسیع رقبہ سیلاب کی زدمیں آگیا ۔ ایک طرف موسلا دھار بارشیں تو دوسری طرف بھارت کی آبی جارحیت جاری ہے ۔ دریائے چناب میں پانی کی بلند ہوتی سطح نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، سیالکوٹ میں وسیع رقبہ زیر آب آگیا جبکہ بجوات کے پچاسی دیہات کا زمینی رابطہ بھی کٹ گیا ۔ نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث ظفر وال کے کئی دیہات پانی کی لپیٹ میں ہیں ۔ سیکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں بھی ڈوبی ہوئی ہیں ۔ موضع منگوال کے مقام پرحفاظتی بند ٹوٹنے سے وسیع رقبہ سیلاب کی زد میں آگیا ۔ وزارت پانی و بجلی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ بھارت نےدریائے چناب اور توی میں بڑے ریلوں کی آمد کی اطلاع دے دی ہے ۔ جھنگ سے چار لاکھ کیوسک کا بڑا ریلا منگل کو گزرے گا ۔ دوسری طرف بلوچستان میں ندی نالے بپھر گئے، ہرنائی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ، لسبیلا اور اوتھل کا وسیع رقبہ سیلاب کی زد میں آگیا ۔ کوئٹہ ، ہرنائی شاہراہ بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ۔ سندھ کے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیکڑوں دیہات ڈوب گئے ۔ سانگھڑ کے درجنوں علاقے بھی سیلاب کی زد میں ہیں ۔ تاہم علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع نہ ہو سکیں ۔