بھوانہ (آئی این پی )بھوانہ میں شراب کے نشے میں دھت زمیندار سفاکی پر اتر آیا۔ کھیتوں میں داخل ہونے پر غریب محنت کش کی درجنوں بکریاں دریامیں پھینکوا دیں۔ پچاس سے زائد بکریاں مر گئیں۔ بارہ سالہ لڑکے کو بھی اغوا کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھوانہ کے گاؤں اوبھان کے رہائشی محمد اسلم کا بیٹا اور بھتیجا اپنے ریوڑ کو چرانے کیلئے دریا کنارے موجود تھے، کہ دو بکریاں مقامی زمیندار سید اسد شاہ کے کھیت میں چلی گئیں۔ اطلاع ملتے ہی زمیندار مسلح کارندوں کے ساتھ وہاں پہنچ گیا اور محمد وارث اور مزمل حسین پر تشدد کیا۔ ظالم زمیندار نے اسی پر بس نہیں کی اور بے زبان جانوروں کو گھسیٹ کر دریا میں پھینکنا شروع کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں بکریاں دریا میں ڈوب گئیں۔ زمیندار جاتے ہوئے بارہ سالہ مزمل حسین کو بھی اپنے ساتھ لے گیا۔ اہل علاقہ نے بکریوں کو نکالنے کی کوشش کی تاہم ان کی کوششیں رائیگاں گئیں اور وہ صرف پندرہ مردہ بکریاں ہی باہر نکال سکے۔