بھکر (مانیٹرنگ ڈیسک) منکیرہ کے قریب مسافر وین اور کار کے درمیان تصادم سے 5 افراد جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے۔
بھکرکی تحصیل منکیرہ میں جھنگ روڈ پر نوشاہ والا اسٹاپ کے قریب کار مخالف سمت سے آنے والی مسافر وین سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جب کہ 19 زخمی ہوگئے، لاشوں اور زخمیوں کو ابتدائی طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منکیرہ منتقل کیا گیا جہاں مناسب طبی سہولیات نہ ہونے پر شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بھکر لے جایا گیا۔ ریسکیو حکام اور اسپتال انتطامیہ کے مطابق زخمیوں میں اکثریت خواتین کی ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ دوران سفر کار کا ٹائی راڈ کھلنے سے پیش آیا ہے۔ لاشوں کو شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔