خبرنامہ پنجاب

بھکی پاور پلانٹ میں آزمائشی بنیادوں پر بجلی کی پیداور شروع

لاہور (ملت + آئی این پی) حکومت پنجاب کی طرف سے ضلع شیخوپورہ میں لگائے جانے والے بھکی پاور پلانٹ میں آزمائشی بنیادوں پر بجلی کی پیداور شروع کر دی گئی ہے اور پہلی گیس ٹربائن نے کامیابی سے کام کرنا شرو ع کر دیا ہے۔یہ ٹربائن 411میگا واٹ تک بجلی پیدا کر رہی ہے جو قومی گرڈ کو سپلائی کی جا رہی ہے ، دوسری ٹربائن سے بجلی کی آزمائشی پیداوار اگلے ہفتے شروع ہو جائے گی ۔ آئندہ ماہ کے دوران بھکی پاور پلانٹ سے 700میگا واٹ بجلی قومی گرڈ کو مہیا کی جائے گی جو بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے سلسلے میں معاون ثابت ہو گی ۔اس سال کے آخر تک یہ پلانٹ اپنی مکمل استعداد کے مطابق بجلی پیدا کرے گا ۔توقع ہے کہ 1180میگا واٹ بجلی کی پیداور کے لئے بکھی ضلع شیخوپورہ میں نصب کیا جانے والا یہ پاورپلانٹ کام شروع کرنے کے بعد اس خطے میں سب سے بہتر استعدادِ کار والا پاور پلانٹ ہوگا اور پاکستان میں پاور سیکٹر کے لئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا جہاں بہتر استعدادِ کار کا مطلب بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی اور صارفین کو اس کا فائدہ منتقل کرنا ہے۔