بہاولپور(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو (آج)26 مارچ بروز ہفتہ 2بجے دن جمالدین والی میں جلسہ عام سے جنوبی پنجاب کے دورے کا آغاز کریں گے۔خواجہ رضوان عالم سیکریٹری انفارمیشن جنوبی پنجاب اور محمد سلیم بھٹی سیکریٹری انفارمیشن ضلع بہاولپور نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے دورہ رحیم یار خان اور بہاولپور کا شیڈول جاری کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کے علاوہ سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود بھی خطاب کرینگے۔جبکہ 27 مارچ بروز اتوار کو صبح ناشتہ پر ضلع رحیم یار خان کے نومنتخب چیئرمین،وائس چیئرمین اور مقامی عہدیداران پاکستان پیپلز پارٹی سے ملاقات کریں گے۔اور 27 مارچ بروز اتوار کو12.00 بجے دن صدر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نوازش علی پیرزادہ ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے۔اوربعد ازاں اشرف شوگر ملز روانہ ہوجائیں گے۔جہاں 2.00 بجے دوپہر پیپلز پارٹی شعبہ خواتین جنوبی پنجاب کے وفود سے ملاقات کریں گے۔اسی روزسہ پہر 4.00 بجے پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے بانی اور سینئر اراکین کے وفود سے ملاقات کریں گے۔28 مارچ بروز سوموار کو 10.30 بجے صبح اشرف شوگر ملز بہاولپور میں ہائیکورٹ بار کے اراکین سے خطاب اور12.00 بجے دن پیپلز لائرز فورم جنوبی پنجاب کے وفد سے ملاقات،دوپہر 2.00 بجے پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن جنوبی پنجاب کے کنونشن سے خطاب اور 4.00بجے پیپلز یوتھ جنوبی پنجاب کے کنونشن سے خطاب فرمائیں گے۔