خبرنامہ پنجاب

بہترین حکمت عملی کے ذریعے مستقبل میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے،میاں انجم نثار

لاہور۔(ملت آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ میاں انجم نثارنے کہا ہے کہ اپنے مختصر دور اقتدار میں صوبہ بھر کی انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کے ساتھ پنجاب بھر میں سرمایہ کاروں کو تحفظ اور با لخصوص پاکستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے محکمہ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے اقدامات یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے ، صوبہ بھر میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے باعث صنعتوں کو فروغ مل رہا ہے اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے مستقبل میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے،وہ نیو منسٹر بلاک آفس میں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت میاں نعمان کبیر اور وزیر برائے ہاؤسنگ سعید اللہ بابر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے،اس موقع پر نگران دور اقتدار میں کی جانیوالی کاوشوں اور مستقبل میں آنیوالے صوبائی وزراء کیلئے قائم کردہ روڈ میپ کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے کہا کہ صوبہ بھر میں پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے باعث صنعتوں کو فروغ مل رہا ہے اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے مستقبل میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کوحل کیا جا سکتا ہے ۔ میاں انجم نثار نے کہا کہ نگران حکومت کابنیادی مقصد شفاف الیکشن کو یقینی بناناتھا اور انہیں خوشی ہے کہ پنجاب کابینہ کی تمام تر ٹیم نے 2018کے جنرل الیکشن کو شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور محنت کی ہے ،جسکی وجہ سے اب وہ مرحلہ آچکا ہے کہ احسن طریقے سے اقتدار نئی آنیوالی حکومت کو منتقل ہونے جا رہا ہے۔صوبائی وزراء میاں نعمان کبیر اور سعیداللہ بابر نے میاں انجم نثار کی صنعت و سرمایہ کاری میں خدمات کو سراہا اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانے میں نگران پنجاب کابینہ کی ٹیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔