لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) بیدیاں روڈ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا‘ لائس نائیک شمشاد احمد سی ایم ایچ میں زیر علاج تھے ‘ دھماکے کے شہداء کی تعداد 8 ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق شہید لانس نائیک ممشاد احمد کا تعلق ملتان سے ہیں جو بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر ہونے والے حملے میں شدید زخمی ہوا تھا جو آج دوران علاج سی ایم ایچ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔واضح رہے کہ 5 اپریل کو لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر موٹر سائیکل سوار دہشت گرد نے مردم شماری کے لئے جانے والی وین سے خود کو ٹکرا لیا تھا جس کے نتیجے میں چار فوجی جوانوں سمیت 7 افراد شہید ہوگئے تھے دھماکے کی ذمے داری کالعدم تنظیم الاحرار نے قبول کی تھی۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بیدیاں روڈ دھماکے میں شہید ہونے والے لانس نائیک شمشاد کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کیا ہے انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانی پر فخر ہے۔