خبرنامہ پنجاب

بیدیا ں روڈ دھماکے میں گرفتار کیے جانیوالے وین ڈرائیور سے تفتیش مکمل،بے گناہ قرار‘جلد رہائی کا امکان

لاہور (ملت آن لائن + آئی این پی) بیدیا ں روڈ دھماکے میں گرفتار کیے جانیوالے وین ڈرائیور عثمان سے تفتیش مکمل کرلی گئی‘ تحقیقات میں بے گناہ قرار‘جلد رہائی کا امکان ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خودکش حملے کے بعد شک کی بنا پر گرفتار کیے گئے وین ڈرائیور عثمان سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے اور اس کے بیان کو ریکارڈ کرلیا گیا ہے اور اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ واقعی ہی وین سے پرزہ لینے کیلئے اترا تھا اور وہ بے گناہ ہے تاہم ابھی تک عثمان کو انٹیلی جنس اداروں نے رہا نہیں کیا ہے تحقیقاتی اداروں کی جانب سے کی جانیوالی تفتیش میں دھماکے کے زخمیوں کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گئے اور انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ وین کے سلنڈر سے گیس لیک ہورہی تھی اور ڈرائیور نے ہمیں بتایا تھا کہ وہ قریبی دکان سے پرزہ لینے جارہا ہے جب وہ نیچے اترا تو تھوڑی دیر بعد دھماکہ ہوگیا یاد رہے کہ خودکش دھماکے کے بعد ڈرائیور عثمان کو اس بنا پر حراست میں لیا گیا تھا کہ اس نے روٹ سے ہٹ کر وین کو بیدیاں روڈ مانانوالہ چوک پر کھڑا کیا اور پرزہ لینے کیلئے قریبی دکان پر گیا جبکہ اس وقت دکان بند تھی اور عثمان کو زخمی حالت میں جنرل ہسپتال سے حراست میں لیاگیا تھا۔