خبرنامہ پنجاب

بینظیر بھٹو ہسپتال میں 25 جدید وینٹی لیٹرمشینوں اور پانچ الٹرا ساؤنڈ مشینوں کا اضافہ کر دیاگیا ، ایم ایس

راولپنڈی۔ 11 نومبر (ملت + اے پی پی) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر نے کہاہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور سابق رکن قومی اسمبلی و چیئرمین میٹر بس پراجیکٹ حنیف عباسی کی کاوشوں کی بدولت بینظیر بھٹو ہسپتال کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ ہسپتال کو راولپنڈی ڈویژن کا ماڈل ہسپتال بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ بینظیر بھٹو ہسپتال میں 25 جدید وینٹی لیٹرمشینوں اور پانچ جدید الٹر ساؤنڈ مشینوں کا بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے طبی سہولیات میں نمایا ں بہتری آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر نے کہا کہ گذشتہ ہفتہ بینظیر بھٹو ہسپتال کی او پی ڈی کی اپ گریڈیشن کے بعد افتتاح کیا گیا ہے اور او پی ڈی کو سٹیٹ آف دی آرٹ وارڈ بنایا گیا ہے جو ملک کے کسی بھی مہنگے اور پرائیویٹ ہسپتال سے کئی درجے بہتر ہے اور یہاں مریضوں کو تمام سہولیات بلا معاوضہ دستیاب ہیں ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بینظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر آصف قادر میر نے کہا کہ بینظیر بھٹو ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے اب تک 75 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جس سے ہسپتال کو جدید آلات کی فراہمی اور مختلف وارڈوں کی اپ گریڈیشن سے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو میڈیکل کی جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے مالی سال 2016-17 میں چار ہسپتالوں کو ماڈل ہسپتال بنانے کیلئے چنا ہے جن میں بینظیر بھٹو ہسپتال کو بھی شامل کیا گیا ہے او ر اس مقصد کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے مختص کئے گے ہیں۔